بھارت کو دفاعی میدان میں ایک اور بڑا دھچکا لگ گیاہے ، برازیل نے زمین سے فضاء میں مار کرنے والے بھارت کے آکاش میزائل سسٹم کی خریداری کیلئے جاری مذاکرات کو روک دیاہے ۔
بھارتی ویب سائٹ اکنامک ٹائمز کے مطابق برازیل نے بھارتی آکاش میزائل سسٹم کی بجائے ایک یورپی میزائل سسٹم کو خریدنے پر سوچ بچار شروع کر دیاہے جس کی رینج اور ٹیکنالوجی بہتر سمجھی جارہی ہے ۔
برازیل کی فضائیہ نے بھارتی آکاش میزائل کے پرانے ورژن میں دلچسپی ظاہر کی تھی لیکن اب وہ MBDA نامی یورپی کمپنی کے تیار کردہ CAMM-ER میزائل سسٹم کی طرف متوجہ ہو چکی ہے، جس کی مار تقریباً 45 کلومیٹر تک ہے جبکہ آکاش کی رینج 25 سے 30 کلومیٹر کے درمیان ہے۔
یورپی کمپنی MBDA کی جانب سے فراہم کیے جانے والے Enhanced Modular Air Defence Solutions (EMADS) سسٹم میں CAMM-ER میزائل استعمال ہوتا ہے، جو کہ 360 ڈگری دفاعی صلاحیت، سافٹ ورٹیکل لانچ ٹیکنالوجی اور جدید ریڈار سیکر کے ساتھ لیس ہے، یہ نظام پہلے ہی برطانیہ، اٹلی اور پولینڈ میں تعینات کیا جا چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، برازیل اس معاہدے کے تحت تقریباً 920 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 5 ارب برازیلین ریئلز) مالیت کا دفاعی نظام حاصل کرنا چاہتا ہے، جس میں لانچر، میزائل، ریڈار اور کمانڈ سسٹمز شامل ہوں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اور برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا کے درمیان حالیہ ملاقات میں دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا تھا۔تاہم آکاش میزائل معاہدے پر دونوں ممالک کے درمیان کوئی حتمی پیشرفت نہ ہو سکی۔





















