ڈرگ کورٹ راولپنڈی نے غیر رجسٹرڈ ادویات کی غیر قانونی فروخت کے ملزم کو 19 سال قید اور 10 کروڑ 10 لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی۔
ڈرگ کورٹ کے جج محمد فیصل بٹ نے غیر رجسٹرڈ ادویات کی بغیر اجازت فروخت کے مقدمے کی سماعت مکمل کرتے ہوئے ملزم نسیم مسیح کو مجموعی طور پر 19 سال قید بامشقت اور 10 کروڑ 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
عدالت نے ملزم کو ادویات کی غیر قانونی فروخت پر 5 سال قید اور 4 کروڑ روپے جرمانے کی سزائی جبکہ عدم ادائیگی کی صورت میں مزید 15 ماہ قید کا حکم دیا گیا۔
ممنوعہ ادویات کی فروخت پر 2 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی جس کی عدم ادائیگی پر مزید 3 ماہ قید کا حکم ہے۔
ڈرگ ایکٹ کے سیکشن 28 ون کے تحت ملزم کو 10 سال قید اور 6 کروڑ روپے جرمانے کی سزا دی گئی عدم ادائیگی پر مزید 2 سال قید کا حکم ہے۔
سیکشن 3 کے تحت 2 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی عدم ادائیگی پر مزید 3 ماہ قید کا حکم دیا گیا۔






















