وفاقی کابینہ نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو وزارت آئی ٹی کے ماتحت برقرار رکھنے کی منظوری دے دی۔ نیشنل آئی ٹی بورڈ بدستور وزارت آئی ٹی کے پورٹ فولیو میں شامل رہے گا، این آئی ٹی بی کے ساڑھے تین سو سے زائد ملازمین کے مستقبل کے حوالے سے بے یقینی ختم ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے اگست دوہزارچوبیس میں این آئی ٹی بی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ فیصلہ کے دس ماہ بعد وزارت آئی ٹی کی جانب سے فیصلے پر نظرثانی اور این آئی ٹی بی کو برقرار رکھنے کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کی تھی ۔
وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کی سمری کی منظوری دے دی ہے ، نیشنل آئی ٹی بورڈ بدستور وزارت آئی ٹی کے پورٹ فولیو میں شامل رہے گا۔ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے برقرار رہنے کے فیصلہ کو ڈیجیٹل ترقی کی رفتار تیز کرنے کو اہم قراردیا جارہا ہے کیونکہ ای آفس سمیت کئی اہم منصوبے این آئی ٹی بی کے تحت چل رہے ہیں۔






















