وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور وزیر قومی دفاع یاسر گلر نے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط اور اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کا اعادہ کیا گیا۔
وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے ترک وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
Minister for Foreign Affairs of the Republic of Türkiye, Hakan Fidan and Minister for National Defense of the Republic of Türkiye Yasar Guler calls on Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif, on 9 July 2025.@CMShehbaz pic.twitter.com/xy6RWLTaTn
— PTV News (@PTVNewsOfficial) July 9, 2025
وزیراعظم نے سینیٹر اسحاق ڈار اور ہاکان فیدان کی مشترکہ صدارت میں ہونے والے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے دوطرفہ تعلقات مزید بہتر ہوں گے جس سے کثیر جہتی شعبوں میں تعاون کو تقویت ملے گی۔
انہوں نے غزہ اور ایران کے تناظر میں بدلتے ہوئے علاقائی و عالمی ماحول میں قریبی روابط کی ضرورت پر زور دیا اور بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران پاکستان کی حمایت پر ترک قوم اور قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت کو 5 بلین ڈالر تک بڑھانے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے ٹھوس کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور ترک کمپنیوں کو پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔
ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دورے کے اختتام پر ایڈیشنل سیکریٹری وزارت خارجہ علی اسد گیلانی نے ترک وزراء کو الوداع کیا۔



















