ترکیہ کے وزیر دفاع یاسر گلر کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں ان کی ملاقات پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں علاقائی صورتحال، دفاعی اور عسکری شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ اہداف اور تزویراتی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے جدید تربیت اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ دونوں فریقین نے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام اور تربیتی تعاون کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا۔
اس کے علاوہ مشترکہ اور بین الاقوامی فضائی مشقوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ترک وزیر دفاع یاسر گلر نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر ایئر چیف کا شکریہ ادا کیا اور بھارت کے ساتھ کشیدگی میں پاک فضائیہ کی کارکردگی کی تعریف کی۔
انہوں نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور قومی خودمختاری کے دفاع کے عزم کو بھی سراہا۔
یاسر گلر نے دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے ترک حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے نئی راہوں کو استوار کرنے پر زور دیا۔
ترک وزیر دفاع نے پائلٹ ایکسچینج پروگرام میں پاک فضائیہ کی معاونت کو بھی سراہا جسے دونوں فضائی افواج کے مابین پیشہ ورانہ ترقی اور آپریشنل مفاہمت کے لیے اہم قرار دیا گیا۔
دونوں فریقین نے اس پروگرام کو مزید موثر بنانے کے لیے تربیتی تعاون کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا۔



















