پاک بھارت جنگ بندی میں واشنگٹن کا کردار نہ ہونے کا مودی سرکار کا دعویٰ جھوٹا قرار دے دیا گیا۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے بریفنگ میں کہا کہ اکثر تبصرے خود اپنی وضاحت کردیتے ہیں، حقیقت جاننے کے لیے جدید دور میں آپ کسی ایک تبصرے پر انحصار نہیں کرتے۔
ترجمان محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے جنگ بندی میں صدر ٹرمپ اور ان کی اتظامیہ کے کردار کو دوبارہ اجاگر کیا۔ کہا بھارتی وزیر خارجہ کے بیان سے حقائق تبدیل نہیں ہونگے۔ جو ہوا ہے وہ دنیا دیکھ رہی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ نائب صدر جے ڈی وینس بھی پاک بھارت مذاکرات میں شریک تھے اور انہیں تسلیم کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاک بھارت جنگ بندی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد مرتبہ کردار ادا کرنے کا دعویٰ کرچکے ہیں جب کہ بھارتی حکومت مسلسل پاک بھارت جنگ بندی میں امریکی کردار کو مسترد کرتی آئی ہے۔
دوسری جانب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق سوال کا جواب دینے سے ہی گریز کر دیا۔
ٹیمی بروس سے پوچھا گیا تھا کہ آیا بانی پی ٹی آئی کے جیل میں قید ہونے کو امریکا پاکستان کا داخلی معاملہ سمجھتا ہے؟ ٹیمی بروس نے صحافی سے کہا کہ اگر اس پر ٹرمپ انتطامیہ کا مؤقف جاننا ہو تو ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولائن لیویٹ سے پوچھ لیں۔





















