ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں کے بعد ندی نالوں میں ظغیانی اور پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔ اٹک میں دریائی پولیس پوسٹ دریائے سندھ کے ریلے میں بہہ گئی۔ شکرگڑھ کے نالہ بئیں میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
شکرگڑھ کے نالہ بئیں میں پھنسے مقامی چرواہوں کو ریسکیو اہلکاروں نے بحفاظت نکال لیا۔ ریسکیو کے مطابق اچانک پانی کی سطح بلند ہوئی اورچرواہے اپنے مویشیوں کے ساتھ نالہ بئیں کےدرمیان پھنس گئے جنہیں ریسکیو کرلیا گیا۔
دوسری جانب تربیلا ڈیم سے پانی چھوڑنے کے بعد دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی دریا کنارے بنی دریائی پوسٹ کو گزشتہ سال مخدوش قرار دیا گیا تھا جو اب تیز ریلے کے ٹکرانےسے گرگئی ہے پوسٹ سےسرکاری اسلحہ اور دیگر سامان تھانہ رنگو منتقل کردیاگیا ہے۔
ڈی جی خان میں کوہ سلیمان کے سلسلہ پر گزشتہ روز ہونے والی بارش سے تونسہ شریف اور ڈی جی خان کے تمام چھوٹے بڑے نالے چل پڑے ہیں تاہم تمام نالوں میں پانی معمول کے مطابق اپنے راستوں سے گزر رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق پانی کے بہاؤ کو مسلسل مانیٹر کیا جارہا ہے اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے الرٹ ہیں۔






















