وزیراعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کے شہر خانکندی میں ایران، آذربائیجان اور ازبکستان کے صدور سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں جس دوران دو طرفہ تعلقات تجارتی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
17 ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی آذربائیجان، ایران اور ازبکستان کے صدور سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں۔وزیراعظم نے اجلاس کی میزبانی پر آذربائیجان کے صدر کو مبارکباد پیش کی اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے بھارت سے متعلق اہم معاملات پر آذربائیجان کی مسلسل حمایت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے بھی ہر مشکل وقت میں آذربائیجان کا ساتھ دیا۔ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیاجبکہ باہمی سرمایہ کاری کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کو مثبت قرار دیا گیا۔
شہبازشریف کی ایرانی صدر سے ملاقات
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ملاقات میں ایران کے خلاف اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کے تناظر میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے حالیہ بحران کے دوران ایران کے جنگ بندی کے فیصلے کو سراہا اور ایران کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔ صدر پیزشکیان نے حالیہ بحران کے دوران ایران کیلئے پاکستان کی مضبوط سفارتی حمایت کو سراہا اور تنازع کم کرنے میں کردار پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
President @drpezeshkian and Pakistan's Prime Minister Shehbaz Sharif held a meeting on the sidelines of the ECO Summit in Azerbaijan. pic.twitter.com/TVD1csPPYe
— Tehran Times (@TehranTimes79) July 4, 2025
ازبکستان کے صدر سے ملاقات
ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ اور کثیر الجہتی سطح پر جاری مضبوط تعاون پر اظہار اطمینان کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اورازبک صدرنے دونوں ممالک کےدرمیان تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی سلامتی اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانےپراتفاق کیا اور علاقائی روابط کے منصوبوں اورٹرانس افغان ریلوے منصوبے کی اہمیت پر زوردیا۔





















