لاہورمیں دھرم پورہ پل سے تین بچوں کوپھینکنےکی کوشش کرنےوالے باپ کو پروٹوکول پر تعینات پولیس اہلکاروں نے گرفتار کر لیا اور بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کردیاگیا ۔
پولیس کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چند منٹ کے بعد دھر م پورہ انڈر پاس سے گزرنا تھا اور اس کے پیش نظر پولیس اہلکار سیکیورٹی کیلئے تعینات کیئے گئے تھے ، اس دوران ملزم نے تین بچوں کو پل سے پھینکنے کی کوشش کی جسے پروٹوکول پر تعینات پولیس اہلکاروں نے ناکام بنا دیا اور ملزم کو گرفتار کر لیا ۔
مریم نواز نہر میں نہانے پر پابندی کے اطلاق پرعملدرآمد کا جائزہ لے رہی تھیں ۔پولیس نےملزم پر بچوں کے اقدام قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے متاثرہ بچے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیے گئے، واقعہ گزشتہ روز پیش آیا ۔
پولیس کے مطابق بچوں میں 3 سال کی بیٹی اور6 اور دس سال کے دو بیٹے شامل ہیں، جھنگ کے رہائشی تصورعباس کو اسکی بیوی نوکری نہ کرنے پر چھوڑ چکی تھی، نشے کی لت میں مبتلا تصور عباس بے روزگاری کا بہانہ بناکر بچوں سے جان چھڑانا چاہتاتھا۔






















