بھارتی حکومت نے ایک بار پھر پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی عائد کر دی ہے جو مختصر وقت کے لیے ایک تکنیکی خرابی کے باعث بھارت میں قابلِ رسائی ہو گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق جمعرات کی صبح تک ماورا حسین، احد رضا میر اور صبا قمر سمیت کئی پاکستانی اداکاروں کے انسٹاگرام، یوٹیوب اور ایکس پر موجود اکاؤنٹس بھارت میں دوبارہ بند ہو گئے۔
بھارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تکنیکی خرابی کے باعث چند پاکستانی اکاؤنٹس عارضی طور پر کھل گئے تھے جس سے یہ تاثر ابھرا کہ شاید مہینوں سے جاری پابندی ختم کر دی گئی ہے تاہم، فوری طور پر اکاؤنٹس پر دوبارہ پابندی لگا دی گئی۔
یاد رہے کہ یہ پابندیاں مئی میں پہلگام حملے کے بعد عائد کی گئی تھیں جس کا الزام بھارت نے پاکستان پر لگایا تھا جبکہ پاکستان نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا تھا۔




















