پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان آج بھی برقرار ہے۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ نےتاریخ میں پہلی بار1لاکھ31ہزارپوائنٹس کاسنگ میل عبور کرلیا۔
نئے مالی سال کے آغاز سے ہی بازارِ حصص نے شاندار تیزی کے ساتھ تاریخی بلندیوں کو چھونا شروع کر دیا ہے، جس میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
آج کاروبار کے دوران پی ایس ایکس میں کاروباری سرگرمیوں کا آغاز زبردست تیزی کے ساتھ ہوا اور 100 انڈیکس میں 727 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس نئی بلند ترین سطح ایک لاکھ 31 ہزار 071 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کے ایس ای 100 انڈیکس نے ایک لاکھ 30 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کی تھی اور محض 5 کاروباری دنوں کے دوران انڈیکس میں مجموعی طور پر 9 ہزار پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہو چکا ہے، جو حالیہ برسوں کی نمایاں ترین کارکردگیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
قبل ازیں پاکستان کے ڈالر ذخائر آئی ایم ایف کا دیا گیا ہدف بھی عبور کرگئے جبکہ معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں7فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔






















