بھارت اپنے ہی اتحادیوں کو بھی اپنا بیانیہ بیچنے میں ناکام دکھائی دے رہا ہے۔ کواڈ اتحاد میں بھی مودی سرکار کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 4 ملکی اتحاد کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد اعلامیہ میں پہلگام واقعے کو دہشت گردی کا واقعہ قرار دے کر مذمت کی گئی۔ اعلامیہ میں نہ پاکستان کا نام لیا گیا اور نہ ہی الزام عائد کیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ کواڈ ہر قسم کی دہشت گردی کی غیر مشروط مذمت کرتا ہے۔ کواڈ اتحاد میں امریکا، جاپان، بھارت اور آسٹریلیا شامل ہیں۔
قبل ازیں 26 جون کو بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ہندوستان کو بار بار ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پاکستانی ہم منصب خواجہ آصف کے ریمارکس کا جواب دینے کیلئے وقت مانگا تو ان کی استدعا کو مسترد کر دیا گیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے جعفر ایکسپریس پر حملے سمیت پاکستان میں دہشت گردی اور کلبھوشن یادیو کو اپنے خطاب کا حصہ بنایا۔ بھارتی وزیر دفاع اور ان کے وفد نےاس پر احتجاج کیا اور مشترکہ اعلامیہ پر دستخط نہیں کئے۔
مشترکہ اعلامئے میں بھی بھارت پہلگام واقعہ کو پاکستان سے جوڑنے میں ناکام ہوا اور اس معاملے پر بھی سفارتی طور پر بالکل تنہا نظر آیا ۔ کسی رکن ملک نے بھارت کا ساتھ نہیں دیا۔






















