وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمارا ملک دنیا میں کسی بھی ملک سے سیاحت کے ضمن میں کم نہیں۔ پاکستان کو دنیا کے اولین سیاحتی مراکز کی فہرست میں شامل کریں گے۔
پاکستان میں سیاحت سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے شعبہ سیاحت میں زر مبادلہ کمانے کی لا محدود استعداد موجود ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی وسائل اور لازوال خوبصورتی سے نوازا ہے، پاکستان کو ایک ٹورازم برانڈ کے طور پر بیرون ملک متعارف کروایا جائے۔
وزیراعظم کی پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کوسیاحت کے فروغ کیلئےعملی اقدامات کرنے کی ہدایت کردی، کہا صوبوں کے تعاون سے پورے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات لیے جائیں۔ سیاحت کے فروغ کے لئے خصوصی ٹورازم زون بنائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سیاحوں کی آمدورفت کو سہل بنانے کے لئے پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر مل کر کام کریں، اندرون ملک سیاحت اور ملکی سیاحوں کی تفریحی مقامات پر آمد کے لیئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، ٹورازم سیکٹر میں مستقل سرمایہ کاری کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جائے۔






















