وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ ایل این جی معاہدوں کی وجہ سے گیس کے فکسڈ چارجز میں اضافہ کرنا پڑا۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے یکم جولائی 2025 سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اضافہ بلک صارفین، پاور سیکٹر اور دیگر صنعتی شعبوں کے لیے کیا گیا ہے جبکہ گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی البتہ ان کے ماہانہ فکسڈ چارجز میں اضافہ کیا گیا ہے۔
لازمی پڑھیں : یکم جولائی سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری
سماء کے پروگرام ’ دو ٹوک ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بتایا کہ ہم ایل این جی معاہدوں میں پھنسے ہوئے ہیں ، اس لیے مہنگی گیس خریدنی پڑتی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ایل این جی معاہدوں پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔
اویس لغاری نے بتایا کہ ایل این جی معاہدوں کی وجہ سے گیس کے فکسڈ چارجز میں اضافہ کرنا پڑا ہے۔
سمارٹ پاور ایپلی کیشن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ بجلی صارفین میٹر ریڈنگ خود ایپ پر اپلوڈ کرسکیں گے اور اس اقدام سے اووربلنگ کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈسکوز نے پچھلے سال 110 ارب روپے کی اووربلنگ کی تھی اور اس سال وہ پیسے صارفین کو واپس دلوائے ہیں جبکہ اس سال نقصانات کی مد میں 127 ارب روپے کی کمی کی ہے اور اس سال اووربلنگ کی شکایات بہت کم موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ صرف ایک سال میں 170 ارب روپے کی بجلی چوری روکی ہے۔






















