لاہور کی مقامی عدالت نے رہنما تحریک انصاف اشتعال انگیز ٹویٹ کیس میں خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی مقامی عدالت نے اشتعال انگیز ٹویٹ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں درج مقدمے میں ایڈیشنل سیشن جج محمد نواز نے محفوظ فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے خدیجہ شاہ کی ضمانت ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔
خدیجہ شاہ نے اپنی وکیل سمیرا کھوسہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے ضمانت دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ خدیجہ شاہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، عدالت ایف آئی اے کے مقدمے میں ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔ واضح رہے کہ خدیجہ شاہ پر 9 مئی کو اشتعال انگیز ٹویٹ کرنے کا الزام ہے۔