سعودی عرب میں محرم الحرام کا چاند نظر آنے کے بعد غلاف کعبہ (کسوہ) کو تبدیل کر دیا گیا۔
نئے اسلامی سال کے آغاز کے ساتھ ہی مسجد الحرام میں میں غلاف کعبہ کو تبدیل کردیا گیا ہے،پرانےکسوہ کے سنہری حصےکو 29 ذوالحجہ کے روز نماز عصر کے بعد ہٹایا گیا جبکہ نئےکسوہ کی تبدیلی کی باضابطہ تقریب یکم محرم 1447 ہجری کے آغاز پر ہوئی۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق کسوہ فیکٹری میں 11 ماہ کی مسلسل محنت سے تیار کیا گیا نیا غلاف مجموعی طور پر 1,415 کلوگرام وزنی ہے،نیا کسوہ سیاہ کڑھائی والے ریشم کے 47 ٹکڑوں پر مشتمل ہے،جس میں 24 قیراط سونےکے چڑھائے ہوئے چاندی کے دھاگوں کا استعمال کرتے ہوئے 68 قرآنی آیات کی کڑھائی کی گئی ہے۔
خیال رہےکہ 2022 سے غلاف کعبہ کی تبدیلی کی سالانہ تقریب نئے اسلامی سال کے پہلے دن ہورہی ہے۔





















