امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور ایران تقریباً ایک ہی وقت میں ان کے پاس آئے اور کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں۔
ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹرتھ سوشل پر لکھا کہ اسی لمحے مجھے احساس ہوا کہ فیصلہ کن گھڑی آ چکی ہے۔
اس جنگ بندی کے حوالے سے جس کا انھوں نے اعلان کیا، ٹرمپ نے مزید لکھا کہ اس میں اصل فتح ساری دنیا اور مشرقِ وسطیٰ کی ہوئی ہے۔ دونوں ممالک اپنے مستقبل میں بے پناہ محبت، امن اور خوشحالی دیکھیں گے۔
ٹرمپ نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر لکھا کہ یہ دونوں ممالک بہت کچھ حاصل کر سکتے ہیں لیکن اگر وہ سیدھے راستے اور سچائی کے راستے سے ہٹتے ہیں تو بہت کچھ کھو بھی سکتے ہیں۔ اسرائیل اور ایران کا مستقبل بے حد روشن اور امکانات سے بھرپور ہے۔ خدا آپ دونوں کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان مکمل اور حتمی جنگ بندگی پر مکمل اتفاق ہو گیاہے اور 12 دنوں کے بعد یہ جنگ باقاعدہ ختم ہو جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناتھا کہ سب کو مبارک ہو! اسرائیل اور ایران کے درمیان مکمل اور حتمی جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے۔ دونوں ممالک تقریباً 6 گھنٹے بعد اپنے جاری آخری مشنز کو مکمل کر لیں گے اس کے بعد جنگ بندی ہو جائے گی، یہ جنگ بندی 12 گھنٹوں کے لیے ہو گی، جس کے بعد اس جنگ کو ختم شدہ قرار دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری طور پر، ایران جنگ بندی کا آغاز کرے گا، اور 12ویں گھنٹے پر اسرائیل جنگ بندی کا آغاز کرے گا۔ 24ویں گھنٹے پر ’12 روزہ جنگ‘ کے باضابطہ اختتام کو دنیا بھر میں خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ ہر فریق کے جنگ بندی کے دوران، دوسرا فریق پُرامن اور باعزت رویہ اپنائے گا۔
ان کا کہناتھا کہ یہ ایک ایسی جنگ تھی جو برسوں تک چل سکتی تھی اور پورے مشرق وسطیٰ کو تباہ کر سکتی تھی لیکن ایسا نہیں ہوا اور اب کبھی نہیں ہوگا! خدا اسرائیل کو سلامت رکھے، خدا ایران کو سلامت رکھے، خدا مشرق وسطیٰ کو سلامت رکھے، خدا امریکہ کو سلامت رکھے، اور خدا پوری دنیا کو سلامت رکھے۔






















