ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای نے قطر میں امریکی ایئر بیس پر میزائل حملے کے بعد بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کسی کو نقصان نہیں پہنچایا ، کسی بھی حالت میں کسی کی ہراسانی قبول نہیں کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ ہم کسی کی ہراسانی کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، ا یہ ایرانی قوم کی منطق ہے۔ یاد رہے کہ چند گھنٹے کے قبل ایران نے قطر میں امریکی ایئر بیس پر میزائل حملہ کیا تاہم قطر کا کہناہے کہ تمام میزائلوں کو ایئر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، کسی قسم کا جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔
ایران کے پاسداران انقلاب کا بیان
ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دوحہ میں امریکہ کے سب سے بڑے فوجی اڈے، العدید ایئر بیس پر ایک طاقتور میزائل حملہ کیا جبکہ یہ جوابی حملہ، جو آپریشن بشارت الفتح کے تحت کیا گیا ایران کا حملہ سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل سے منظور شدہ تھا۔
پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ "ہٹ اینڈ رن" کا دور ختم ہو گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مستقبل میں ایسے کسی بھی حملے سے مغربی ایشیا میں امریکی موجودگی کا خاتمہ تیز ہو جائے گا اور مستقبل کے حملے خطے میں امریکی فوجی انفراسٹرکچر اور صہیونی حکومت دونوں کے خاتمے کا سبب بن سکتے ہیں۔





















