ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکی حملے میں فردو جوہری تنصیبات کے داخلی اور خارجی راستے پر صرف دو سرنگوں کو ہی نقصان پہنچا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ فردو جوہری تنصیب کو تباہ کرنے کے حوالے سے ’چکمہ‘ دے رہے ہیں۔ فردو کے داخلی اور خارجی راستے پر صرف دو سرنگوں کو ہی نقصان پہنچا ہے۔
صوبہ قم کے کرائسز مینجمنٹ کے ترجمان مرتضیٰ حیدری نے فردو کے ایک ’حصے‘ پر حملے کی تصدیق کی تھی نے بعد میں کہا کہ پورا صوبہ ’بالکل پرامن‘ ہے۔
یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ایران میں انٹرنیٹ تک رسائی محدود ہے، جس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ دشمن کی جانب سے سائبر حملوں کا خطرہ ہے۔
قبل ازیں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد تابکاری کی سطح میں اضافہ نہیں ہوا۔
آئی اے ای اے کے مطابق ایران کی جوہری تنصیبات بشمول فردو، نتنز اور اصفہان پر حالیہ امریکی حملوں کے بعد آف سائٹ تابکاری کی سطح میں کوئی اضافہ نہیں دیکھا گیا۔ ہدف بنائے گئے مقامات کے باہر تابکاری کی سطح معمول کے مطابق ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے اسرائیل کیساتھ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کردیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق 6 بی 2 بمبار طیاروں نے ایرانی نیوکلیئر سائٹس پر حملے کیے، امریکی بمبار طیاروں نے حملوں میں 6 بنکر بسٹر بم پھینکے۔ فردو جوہری تنصیبات پر تقریباً 30 ٹن دھماکا خیزمواد گرایا گیا۔ ایرانی جوہری مقامات پر30 ٹاما ہاک میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ہم نے ایران میں 3 جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، فردو، نطنز اور اصفہان میں جوہری تنصیبات پرحملے کیے گئے، فردو ایٹمی تنصیب مکمل طور پر تباہ کردی۔





















