برطانوی اخبار ٹیلیگراف نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے اپنے بی ٹو اسٹیلتھ بمبار طیاروں کو امریکا سے مغرب کی جانب منتقل کردیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی ریاست میسوری کے وٹمین ایئرفورس بیس سے چار جنگی جہاز ہفتے کی صبح روانہ ہوئے جن کے ہمراہ ری فیولنگ کے لیے چار ٹینکر طیارے بھی تھے۔
اخبار کے مطابق یہ جنگی جہاز بظاہر بحرالکاہل میں واقع امریکی نیول بیس گوام کی طرف جا رہے ہیں جہاں سے وہ جزائر چاگوس کے ڈی ایگو گارشیا ایئربیس تک جا سکتے ہیں اور اس بیس سے ایران پر حملہ ممکن ہے۔
بی ٹو بمبار واحد جنگی جہاز ہے جو 30 ہزار پاؤنڈ وزنی بنکر بسٹر بم گرا سکتا ہے جو ایران کی زیر زمین ایٹمی تنصیب فردو پر حملے کے لیے استعمال ہو سکتا ہے۔
فردو کا افزودگی مرکز ایک پہاڑ کے اندر 300 فٹ گہرائی میں واقع ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل ایران کی نطنز اور اصفہان ایٹمی تنصیب پر حملے کر چکا ہے۔





















