پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما اوز وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
سماء کے پروگرام "ندیم ملک لائیو" میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں دوطرفہ تجارت، مسئلہ کشمیر اور پانی کے تنازع جیسے اہم امور پر گفتگو ہوگی۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ملاقات میں تجارت کے فروغ اور مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بات کی جائے گی۔
رانا ثناء اللہ نے پانی کے تنازع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ بھارت کو پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے سے روکے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے پانی روکا تو اسے جنگ کے مترادف سمجھا جائے گا۔






















