انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھلاڑیوں کی ٹیسٹ رینکنگ کا اعلان کردیا، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں شاندار کارکردگی پر ایڈن مارکرم نے لمبی چھلانگ لگا کر 11 ویں پوزیشن حاصل کرلی، انگلینڈ کے جو روٹ کا پہلا نمبر برقرار ہے، سعود شکیل بھی ایک درجہ ترقی کرکے نویں نمبر پر آگئے۔
آئی سی سی نے ٹیسٹ فارمیٹ میں کھلاڑیوں کی رینکنگ جاری کردی جس کے تحت بلے بازوں میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے مین آف دی میچ ایڈن مارکرم رینکنگ میں 7 درجے بہتری کے بعد 11 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ کا پہلا نمبر برقرار ہے، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل 2 درجے ترقی کے بعد 10 ویں نمبر پر ہیں، پاکستان کے سعود شکیل بھی ایک درجہ ترقی کے بعد نویں پوزیشن پر آگئے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے محمد رضوان ایک درجہ تنزلی کے بعد 16 ویں اور بابر اعظم 21 ویں نمبر پر ہیں۔
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بومرا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، جنوبی افریقا کے کاگیسو ربادا دوسری، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کی تیسری اور پاکستان کے نعمان علی 2 درجے بہتری کے بعد چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں اور ناتھن لائن بھی ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹی پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔
ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھارت کے رویندرا جڈیجا کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک 3 درجہ ترقی کے بعد 10 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔




















