افغان باشندوں کے پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن ختم ہونے پر وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے تاہم، افغان باشندوں نے اپنے ملک پہنچنے پر افغان طالبان کی جانب سے انکے ساتھ پیش آنے والے برُے سلوک کو بیان کیا ہے۔
پاکستان سے بے دخل ہونے والے افغان مہاجرین نے وطن پہنچنے پر اپنی شکایات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طالبان اہلکاروں نے ہمارے رشتے داروں سے نقد رقم اور موبائل چھینے ہیں اور ہماری ماؤں اور بہنوں کی بے عزتی کی گئی ہے۔
افغان مہاجرین نے کہا کہ اس سے اچھا تھا کہ ہم پاکستان کی جیل میں ہوتے کیونکہ افغانستان میں ہماری جو بے عزتی ہوئی ہے کم از کم وہاں کے جیلوں میں یہ تو نہ ہوتی۔
مہاجرین کا کہنا تھا کہ یہاں ہمیں کسی قسم کی سہولیات فراہم نہیں کی گئی، 3 دن ہوئے ہے ہمیں آئے ہوئے لیکن کھانے پینے کو کچھ نہیں دیا گیا حتیٰ کے یہاں کوئی باتھ روم تک نہیں ہے۔
مہاجرین کا کہنا تھا کہ ہم کھلے آسمان تلے پڑے ہیں، ہم اور ہمارا خاندان در بدر پھر رہے ہیں۔