عالمی جوہری ادارے نے ایران کے نطنز جوہری پلانٹ میں ممکنہ آلودگی کی وارننگ جاری کردی۔
اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے ( آئی اے ای اے ) کے سربراہ رافیل گروسی نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد ایران کے مرکزی جوہری افزودگی کے پلانٹ نطنز میں ریڈیولوجیکل اور کیمیائی آلودگی کا امکان ہے۔
عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رافیل گروسی نے کہا کہ بنیادی تشویش یورینیم ہیکسا فلورائیڈ نامی گیس کی کیمیائی زہریلی صلاحیت ہے، جو یورینیم کو افزودگی کے دوران فلورین کے ساتھ ملانے سے بنتی ہے۔
رافیل گروسی کے مطابق یہ گیس غیر مستحکم ہے، تیزی سے زنگ آلود ہوتی ہے، جلد کو جلا سکتی ہے اور سانس کے ذریعے جسم میں داخل ہونے پر خاص طور پر مہلک ثابت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نطنز میں زمینی معلومات اکٹھا کیے بغیر آئی اے ای اے حالات اور آبادی اور ماحول پر ممکنہ اثرات کا درست اندازہ نہیں لگا سکتا اور نہ ہی ضروری امداد فراہم کر سکتا ہے۔
گروسی نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے معائنہ کار ایران میں موجود رہیں گے اور جیسے ہی حفاظتی حالات اجازت دیں گے جوہری تنصیبات کا معائنہ کریں گے۔





















