ایران کی جانب سے چند گھنٹوں میں اسرائیل پر دوسرا حملہ کرتے ہوئے درجنوں ڈرون اور میزائل داغ دیئے گئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کے "وعدہ صادق سوم" آپریشن کے چوتھے مرحلے میں اسرائیل پر درجنوں ڈرون اور میزائل فائر کیے گئے۔
ایران کی جانب سے یہ کارروائی اسرائیل کے حالیہ حملوں کے جواب میں کی گئی۔
دوسری جانب اسرائیل میں حملے کے بعد سائرن بجنے لگے اور شمالی اسرائیل میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایک میزائل شمالی اسرائیل میں عمارت سے ٹکرایا جس کے بعد مقامی افراد نے پناہ گاہوں میں پناہ لے لی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب، حیفہ اور دیگر شمالی اسرائیل کے شہروں پر ڈرون اور میزائل داغے ہیں۔
عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے اپنے تمام ایئرپورٹس اور ایئرسپیس کو بند کر دیا گیا ہے۔
اسرائیل کی نیشنل ایمرجنسی سروس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ایرانی حملوں کے نتیجے میں 4 شہری زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان ایرانی فوج کی تنبیہ
ترجمان ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی شہریوں کو خبردار کرتے ہیں اہم علاقوں سے دور رہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی شہری خود کو مجرم حکومت کے ہاتھوں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال نہ ہونے دیں۔





















