اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران سمیت متعدد مقامات پر حملوں سے ایرانی حکومت کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور تہران جل رہا ہے جبکہ ہم اپنا مشن مکمل کر کے واپس آئیں گے۔
اپنے حالیہ بیان میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملوں نے ایران کی قیادت کو نشانہ بنایا، جس سے وہاں حکومتی تبدیلی کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم نے تہران میں انقلابی گارڈز کے خفیہ ادارے کے سربراہ اور اس کے نائب کو ہلاک کر دیا جس سے ایرانی حکومت کمزور ہو گئی ہے اور ایران ان حملوں سے حیران رہ گیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ خفیہ معلومات سے پتہ چلا کہ ایران حوثیوں کو ایک جوہری ہتھیار منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے اصفہان کے جوہری ری ایکٹر اور نطنز کے مرکزی جوہری مرکز کو تباہ کر دیا ہے۔
نیتن یاہو کے مطابق اصفہان ری ایکٹر کے بغیر ایران کے لیے جوہری ہتھیار بنانا ناممکن ہے۔





















