خبر رساں ادارے رائٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے حالیہ دنوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس منصوبے کو ویٹو کردیا۔
رائٹرز نے دو امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی حکام نے خامنہ ای کو قتل کرنے کے ایک موقع کے بارے میں امریکی حکام کو آگاہ کیا تھا، لیکن صدر ٹرمپ نے اس منصوبے کو مسترد کردیا۔
ایک سینئر امریکی عہدیدار نے کہا کہ جب تک ایرانیوں نے کسی امریکی کو ہلاک نہیں کیا ہم سیاسی قیادت کو نشانہ بنانے کے بارے میں بات بھی نہیں کر رہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے اس رپورٹ پر ردعمل جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بہت سی جھوٹی رپورٹس ہیں جو مبینہ بات چیت کے بارے میں گردش کرتی ہیں جو کبھی ہوئی ہی نہیں۔
اسرائیل کے مشیر قومی سلامتی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے خامنہ ای کے قتل کو ویٹو کرنے کی خبر درست نہیں۔






















