ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے قوم کیلئے جاری خصوصی پیغام میں کہا کہ ایران اپنی آنکھیں بند نہیں رکھ سکتا ، صیہونی حکومت نے بہت بڑی غلطی کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ایران پر حملہ اسرائیل کی سنگین لاپرواہی ہے، اس کے نتائج اسرائیلی حکومت کو تباہی کی طرف لے جائیں گے، ایرانی قوم اپنے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دے گی، ایران اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی نظر انداز نہیں کرے گا۔
یاد رہے کہ ایران نے کچھ دیر قبل اسرائیل پر جوابی حملے کے دوران 150 سے زائد میزائل داغے جس میں سے زیادہ تر تل ابیب میں گرے جن سے شہرمیں آگ کی لپٹیں اور دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دیئے ۔ ایرانی میڈیا نے اسرائیل کے 2 جہاز گرانے اور ایک پائلٹ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے تاہم اسرائیل نے اس دعوے کو مسترد کر دی ہے ۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے ایران پر بڑا حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی اور 6 جوہری سائنسدان شہید ہوگئے، اسرائیل نے حملے میں ایران کے جوہری اور عسکری مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 5 شہری شہید اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔





















