اسرائیل نے ایران پر تبریز میں تازہ حملے کرتے ہوئے میزائل سائٹ کو نشانہ بنایا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے حملوں میں اب تک 70 سے زائد ایرانی شہری شہید ہو چکے ہیں جبکہ 329 شہری زخمی ہوئے ہیں جبکہ اس کے علاوہ 20 کے قریب اعلیٰ افسران بھی شہید ہو چکے ہیں ۔
اسرائیل نے ایک مرتبہ پھر ایران کے شہر تبریز اور کرمانشاہ میں حملے کرتے ہوئے بیلسٹک میزائل سائٹس کو نشانہ بنایا ہے ۔
سوشل میڈیا پر آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایران کے مغربی علاقے کرمانشاہ میں اسرائیلی حملے کے بعد آگ بھڑک اُٹھی۔ رپورٹ کے مطابق، اسرائیل نے آج صبح کرمانشاہ میں ایک زیر زمین تنصیب کو نشانہ بنایا، جہاں بیلسٹک میزائل ذخیرہ کیے جا رہے تھے۔ یہ علاقہ عراق کی سرحد کے قریب واقع ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے ایران پر بڑا حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی اور 6 جوہری سائنسدان شہید ہوگئے، اسرائیل نے حملے میں ایران کے جوہری اور عسکری مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 5 شہری شہید اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔





















