پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کے پرائیویٹ اسکولوں کو 15 جون سے 15 جولائی تک سمر کیمپ منعقد کرنے کی اجازت دے دی، طلباء چھٹیوں کے دوران مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کے نجی اسکولوں کو 15 جون سے 15 جولائی تک سمر کیمپ منعقد کرنے کی اجازت دیدی، شدید گرمی سے بچنے کیلئے کیمپ کے اوقات کار صبح ساڑھے 7 بجے سے 10 بجے تک رکھے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سمر کیمپ میں شرکت کرنیوالے بچوں سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی، اسکولز بچوں سے اضافی فیس نہیں لے سکتے۔
پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ فیصلہ ’’مسلسل سیکھنے اور مشغولیت کی حمایت‘‘ کیلئے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) نے پنجاب میں طویل ہیٹ ویو کی الرٹ جاری کردیا، حکام کا کہنا ہے کہ 13 جون تک گرمی کے جھلسا دینے والے حالات برقرار رہیں گے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبہ بھر میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ رہا ہے، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی سمیت بڑے شہروں میں شدید گرمی کی پیش گوئی ہے۔
جنوبی پنجاب کے اضلاع جیسا کہ ملتان، بہاولپور، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، اور ساہیوال خاص طور پر شدید گرمی کی لہر کیلئے تیار ہیں۔






















