ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں فیڈرل پراسیکیوٹرکی جانب سے 2 رکنی ٹیم مقرر کردی گئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس کےلیے فیڈرل پراسیکیوٹرکی جانب سے کیس میں 2 رکنی ٹیم مقرر کردی گئی۔ پراسیکیوشن ٹیم میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹرعدنان علی اورراجہ نوید کیانی شامل ہیں۔
یہ ٹیم تفتیشی افسر کی معاونت کرے گی اور چالان کی تیاری کا بغور جائزہ لے گی۔فیڈرل پراسیکیوٹر آفس کے مطابق اس اقدام کا مقصد کیس کو مضبوط قانونی بنیاد فراہم کرنا ہے۔
یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے 4 جون کو ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے مبینہ قاتل کو 14 روز کےلیے شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیج دیا ہے۔
یاد رہے کہ تقریباً ایک ہفتہ قبل اسلام آباد میں 17 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا، پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا تھا۔
اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قتل کے 24 گھنٹے کے اندر ملزم عمر حیات عرف کاکا کو فیصل آباد سے گرفتار کرلیا تھا۔ مقتولہ کے قتل کے بعد ملزم کے فرار کی سی سی ٹی وی ویڈیو نے اس کا بھانڈا پھوڑ دیا تھا، پولیس نے قاتل کو فیصل آباد سے گرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمد کرلیا تھا۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ کہ اندھے قتل کیس کے ملزم کو ڈھونڈنا اسلام آباد پولیس کے لیے بڑا چیلنج تھا۔ آئی جی اسلام آباد نے مزید بتایا تھاکہ ملزم بار بار ثنا یوسف سے رابطہ کر رہا تھا اور ٹک ٹاکر اس سے دوستی سے انکار کررہی تھی، جس کے بعد ملزم نے قتل کا منصوبہ بنایا۔






















