بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ کارروائیاں کے دوران ہرنائی اور بسیمہ میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 15 دہشت گرد ہلاک کر دیئے، صدر ، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پہلی کارروائی ضلع ہرنائی میں کی گئی جہاں پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، انٹیلی جنس بنیاد پر دوسری کارروائی بسیمہ میں کی گئی جہاں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا سراغ لگا کر آپریشن کیا۔ جھڑپ کے دوران بھارتی حمایت یافتہ تین دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان کے مطابق دونوں کارروائیوں میں دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جبکہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقوں میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے جبکہ عزم استحکام مہم کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر مملکت آصف زرداری۔۔وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔صدر نے کہا یہ کارروائی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کا مظہر ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔




















