کراچی کی ملیر جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں کی فہرست منظر عام پر آگئی ہے جس میں کئی سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کے نام شامل ہیں۔
سماء نیوز کے مطابق ملیر جیل سے فرار ہونے والے 216 قیدیوں میں سے متعدد افراد ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، چوری، منشیات فروشی، جعلسازی، اقدام قتل، زیادتی اور فارن ایکٹ جیسے جرائم میں ملوث تھے۔
رپورٹ کے مطابق فرار ہونے والے قیدیوں میں 31 ملزمان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کے مقدمات میں گرفتار تھے جبکہ 24 قیدی چوری اور موٹرسائیکل چوری کے الزامات کا سامنا کر رہے تھے۔
مزید برآں، 16 ملزمان منشیات فروشی کے سنگین مقدمات میں ملوث تھے جبکہ 8 افراد جعلسازی، فراڈ اور گیس چوری جیسے جرائم کے مرتکب تھے۔
فہرست میں اقدام قتل، زیادتی اور دیگر جرائم میں ملوث 10 ملزمان بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ فارن ایکٹ، دھوکا دہی اور جعلی دستاویزات کے الزامات میں گرفتار کچھ ملزمان بھی فرار ہوئے۔
یاد رہے کہ حکومت سندھ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے دو رکنی کمیٹی قائم کی ہے جبکہ آئی جی جیل خانہ جات کو عہدے سے ہٹا دیا گیا اور ڈی آئی جی جیل سمیت سپرنٹنڈنٹ کو معطل کر دیا گیا ہے۔






















