رائل چیلنجرز بنگلورو ( آر سی بی ) کی آئی پی ایل 2025 کی فتح کے جشن کے دوران چیناسوامی اسٹیڈیم کے باہر بھگدڑ سے 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہزاروں شائقین اپنی ٹیم کے پہلے آئی پی ایل ٹائٹل کے جشن میں شرکت کے لیے اسٹیڈیم کے دروازوں پر جمع ہوئے جبکہ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔
آر سی بی نے گزشتہ روز احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں پنجاب کنگز کو 6 رنز سے شکست دے کر 18 سال بعد اپنا پہلا آئی پی ایل ٹائٹل جیتا تھا۔
ابتدائی طور پرآر سی بی نے ودھان سودھا سے چیناسوامی اسٹیڈیم تک ایک اوپن ٹاپ بس پریڈ کا اعلان کیا تھا لیکن بنگلورو ٹریفک پولیس اور کرناٹک کے ہوم منسٹر نے سیکیورٹی اور ٹریفک مسائل کی وجہ سے اسے منسوخ کر دیا تھا۔
اس کے باوجود شائقین کی بڑی تعداد ودھان سودھا اور اسٹیڈیم کے باہر جمع ہوگئی جس سے افراتفری پھیل گئی۔
اسٹیڈیم کے دروازوں پر ہجوم کے دباؤ سے بھگدڑ مچی جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔
زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن ہجوم اور ٹریفک کی وجہ سے ایمبولینسز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔





















