اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قاتل کو پولیس نے گرفتار کرلیا،گرفتار ملزم عمر حیات نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف جرم کر لیا۔
تفصیلات کےمطابق پولیس نےتکنیکی آلات اور سی سی ٹی وی وڈیو کی مدد سےملزم کو گرفتار کیا اور آلہ قتل بھی برآمد کرلیا،پولیس کا کہنا ہےکہ ملزم کا تعلق پنجاب سے ہے،ملزم کو فیصل آبادکی تحصیل جڑانوالہ سے گرفتار کیا گیا، پولیس نے ملزم سے مقتولہ کا آئی فون بھی برآمد کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ ملزم کا ٹک ٹاکر کے ساتھ رابطہ تھا، ابتدائی تفتیش میں قتل کی وجہ ذاتی رنجش بتائی ہے، ذرائع کے مطابق ملزم عمر مقتولہ کے ساتھ کافی عرصے سے رابطے میں تھا،اورقتل کیلئے پوری منصوبہ بندی کرکے ثنا کے گھر سیکٹر جی 13 اسلام آباد پہنچا۔
ملزم نےموقع واردات کے قریب ہی موٹرسائیکل کھڑی کی،سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو پیدل بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے،قتل کے بعد ملزم اسی موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی 20 گھنٹے کے اندر ملزم کی گرفتاری پر وفاقی پولیس کو شاباش دی،دوسری طرف پولیس نے پوسٹمارٹم اور ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد ثنا کی میت آبائی علاقے اپر چترال بھجوا دی۔
یہ بھی پڑھیں؛ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کا مقدمہ درج، ملزم کو شناخت کرسکتے ہیں،والدہ
اس سےقبل مقتولہ ٹک ٹاکرکی والدہ نے ابتدائی بیان میں پولیس کو بتایا کہ سامنے آنے پر ملزم کو شناخت کرسکتے ہیں، ایف آئی آر کےمطابق پیرکی شام 5 بجےنامعلوم ملزم ٹک ٹاکرثنا یوسف کے گھر داخل ہوا،ملزم کی فائرنگ سے2 گولیاں ثنا یوسف کےسینے میں لگیں، فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا،ثنا یوسف کو اسپتال منتقل کیا مگر جانبر نہ ہوسکی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو ملزم نے گھر میں گھس کر قتل کیا تھا،، ثنایوسف کا تعلق اپر چترال سے ہے۔






















