قومی ہیرو ارشد ندیم ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد آج جنوبی کوریا سے لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا پرجوش استقبال کیا گیا۔
ارشد ندیم غیرملکی پرواز کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے جہاں ان کے والد محمد اشرف سمیت اہل خانہ، دوست احباب اور شائقین موجود تھے۔
والد محمد اشرف نے بیٹے کی کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے نے پہلے بھی ہمارا نام روشن کیا ہے اور آج بھی نام روشن کرکے آیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ارشد کو بہترین سہولیات دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ارشد ندیم کی مسلسل محنت اور عزم نے پورے ملک کو فخر دلایا ہے۔
ارشد ندیم کے ساتھ قومی ایتھلیٹس یاسر سلطان اور شجر عباس بھی وطن واپس پہنچے۔






















