ترجمان استحکام پاکستان پارٹی کا کہنا ہے کہ عام انتخابات حلقہ بندیاں مکمل ہونے پر ہونے چاہئیں، ہماری جماعت عوامی امنگوں کی ترجمانی کرے گی۔
استحکام پاکستان پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس جہانگیر ترین کی سربراہی اور علیم خان کی صدارت میں ہوا۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان آئی پی پی اسحاق خاکوانی نے کہا کہ ہماری جماعت عوامی امنگوں کی ترجمانی کرے گی، ہمارے منشور میں عوام دوست ایجنڈا ہے، آج سر جوڑ کر بیٹھ کر نمائندوں نے عوام کو ریلیف دینے کا لائحہ عمل بنایا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عام انتخابات حلقہ بندیاں مکمل ہونے پر ہونے چاہئیں، حلقہ بندیوں میں جہاں تبدیلی کی ضرورت ہے وہاں کی جائیں۔
اسحاق خاکوانی نے مزید کہا کہ سربراہان نے پارٹی کی جلد سے جلد تنظیم سازی مکمل کرنے کی ہدایت کردی، رہنماوں کو اپنے حلقوں میں تنظیم سازی مکمل کرنے کا کہہ دیا گیا ہے۔