وزیراعظم شہبازشریف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا جس دوران آپریشن بنیان مرصوص میں مسلح افواج کی شاندار کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت نے پاکستان میں دہشت گردی کی مہم تیز کر دی ہے ، پاکستانی قوم بھارت کے تمام مذموم عزائم اور اُس کی پراکسی فتنہ الہندوستان کو شکست دے گی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کالج فیکلٹی اور فارغ التحصیل افسران سے خطاب میں وزیراعطم نے مسلح افواج کی بہادری ، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ مسلح افواج نے مثالی طرز عمل سے خود کو قوم کے بھرپور خراج تحسین کا حقدار بنایا۔وزیراعطم نے ملکی خودمختاری و سلامتی کے تحفظ کیلئے مسلح افواج کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ دفاع وطن کے مشن میں افواج پاکستان سے مکمل حکومتی تعاون کےعزم کا اعادہ کیا ۔ چیلنجزسے نمٹنے اور قومی مفادات کے حصول کیلئے قومی طاقت کے تمام مراکز کےدرمیان ہم آہنگی پر زور دیا۔
کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج پہنچنے پر آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وزیراعظم کا استقبال کیا ۔






















