خلیج، ایشیاء اور اس سے آگے کے بہت سے ممالک نے فلکیاتی پیشین گوئیوں کی بنیاد پر عیدالاضحیٰ 2025ء کیلئے عام تعطیل کی تاریخوں کی تصدیق کی ہے، کچھ ممالک میں عید الاضحیٰ 6 جون اور کچھ میں 7 جون کو منائی جائے گی۔
عیدالاضحی 6 جون بروز جمعہ
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عمان، قطر، آسٹریلیا، کویت اور انڈونیشیا سمیت کئی ممالک میں عیدالاضحی 6 جون کو منائی جائے گی اور یوم عرفات 5 جون کو ہوگا۔
عید الاضحی 7 جون بروز ہفتہ
پاکستان، مراکش، موریطانیہ، برونائی، ملائیشیا، بھارت اور بنگلہ دیش میں عید الاضحیٰ 7 جون کو منائی جائے گی۔
سرکاری اعلانات کی بنیاد پر دنیا بھر میں عیدالاضحیٰ 2025ء کی تعطیلات کی فہرست یہ ہے۔
متحدہ عرب امارات نے سرکاری اور نجی شعبوں کیلئے عید کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔
وفاقی اتھارٹی برائے سرکاری انسانی وسائل نے تصدیق کی ہے کہ وفاقی سرکاری ملازمین کیلئے عیدالاضحی کی تعطیلات جمعرات 5 جون سے شروع ہوں گی اور اتوار 8 جون تک جاری رہیں گی۔ اس عرصے کے دوران سرکاری دفاتر اور نجی کاروباری ادارے بند رہیں گے، پیر 9 جون کو دوبارہ کام شروع ہوگا۔
سعودی عرب: 4 دن کی عید کی چھٹی ملے گی
سعودی میڈیا رپورٹس کےمطابق سعودی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پرسرکاری اور نجی اداروں میں 4 تعطیلات کا اعلان کیا ہے،تعطیلات عرفات کے دن یعنی جمعرات 5 جون سے اتوار 8 جون تک ہوں گی،معمول کا کام پیر 9 جون سے دوبارہ شروع ہوگا۔
سعودی ایکسچینج کیلئے 6 دن کی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ سعودی ایکسچینج (تداول) 5 جون سے 10 جون تک چھ دن کی چھٹی منائے گی، جس میں بدھ، 11 جون کو تجارت دوبارہ شروع ہوگی۔
کویت: 5 دن طویل ویک اینڈ کا اعلان
کویتی حکومت نے تمام سرکاری اداروں اور پبلک سیکٹر کے ملازمین کیلئے عیدالاضحیٰ پر 5 روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، جو جمعرات 5 جون سے پیر 9 جون تک جاری رہے گی، باقاعدہ کام کا آغاز منگل 10 جون کو ہوگا۔
قطر میں عید کی 5 روزہ تعطیلات کا اعلان
قطر نے بھی جمعرات 5 جون (یوم عرفات) سے پیر 9 جون تک پانچ روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان کی منظوری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دی اور اسے قطر کے سرکاری گزٹ میں شائع کیا گیا، اس دوران وزارتیں اور سرکاری ادارے بند رہیں گے۔
عمان میں 5 دن کی چھٹی کا اعلان
عمان نیوز ایجنسی (او این اے) نے رپورٹ کیا ہے کہ ذی الحجہ کا چاند سرکاری طور پر نظر آنے کے بعد عمان میں عیدالاضحیٰ 6 جون 2025ء بروز جمعہ کو شروع ہوگی۔
چاند دیکھنے کی مرکزی کمیٹی نے تصدیق کی کہ یکم ذوالحجہ 28 مئی کو آتی ہے، یوم عرفہ جمعرات 5 جون کو اور عید جمعہ 6 جون کو ہوگی۔
شاہی فرمان نمبر 88/2022 کے مطابق، 9 سے 12 ذی الحجہ تک عام تعطیلات منائی جائیں گی، چونکہ عید جمعہ کو آئی ہے، اس لیے ایک اضافی دن کی چھٹی دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں جمعرات 5 جون سے پیر 9 جون تک پانچ دن کی تعطیلات ہوں گی۔
بنگلہ دیش میں عیدالاضحیٰ پر 10 دن کی تعطیلات
بنگلہ دیش نے عیدالاضحیٰ کیلئے 10 دن کی عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، جو 5 جون سے شروع ہوکر 14 جون کو ختم ہونگی، وزارت پبلک ایڈمنسٹریشن نے ایک گزٹ نوٹیفکیشن میں اس کی تصدیق کی ہے۔
ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق سرکاری دفاتر ہفتہ کی دو تعطیلات 17 اور 24 مئی کو تلافی کیلئے کھلیں گے۔ تمام سرکاری اور نجی دفاتر تعطیل کے دوران بند رہیں گے، سوائے ضروری خدمات جیسے یوٹیلیٹیز، ہیلتھ کیئر، اور پورٹ آپریشنز۔ بنگلہ دیش بینک اور سپریم کورٹ اس مدت کے دوران بینکنگ اور عدالتی سرگرمیوں سے متعلق ہدایات جاری کریں گے۔
پاکستان میں عید الاضحی کی تاریخ کا اعلان
پاکستان میں 27 مئی کو چاند نظر نہ آنے کے بعد عید الاضحیٰ 7 جون کو منانے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم اب تک سرکاری سطح پر تعطیلات کا اعلان نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں ممکنہ طور پر 4 روز کی تعطیلات ہوں گی، جمعہ 6 جون سے پیر 9 جون تک تمام سرکاری و نجی اداروں میں تعطیلات ہوں گی۔





















