پی آئی اے کی نجکاری کیلئے اظہار دلچسپی کی درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں انیس جون تک توسیع کردی گئی ۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نجکاری نے پاکستان پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کے فنڈز روکنے پر شدید تحفظات کا اظہار بھی کردیا، وزارت خزانہ کو معاملہ فوری حل کرنےکی ہدایت کردی گئی ہے ۔
ڈاکٹر فاروق ستار کی زیر صدارت اجلاس میں سیکرٹری نجکاری کمیشن عثمان باجوہ نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے سرمایہ کاروں کے مطمئن ہونے کی صورت میں بولی دو ماہ کے اندر کروا دی جائے گی ، کمیٹی کو پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کے حکام نے بتایا کہ دو ہزار اکیس میں فیٹف شرائط کے تحت پوسٹل لائف انشورنس فنڈ کو وزارت خزانہ کو منتقل کر دیا گیا اور ایک نئی پاکستان پوسٹل لائف انشورنس کمپنی قائم کی گئی جس کیلئے حکومت نے اڑتالیس ارب روپے فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔
کمپنی حکام کا کہنا تھا وزارت خزانہ نے گزشتہ چار مالی سال میں سات ارب روپے جاری کیے ہیں جبکہ کمپنی کے واجبات بڑھ کرتینتالیس ارب روپے پر پہنچ گئے ہیں کمپنی کے دو لاکھ سے زیادہ کلائنٹس ہیں جن کو چار سال سے پنشن کی ادائیگی نہیں کی جا رہی وزارت خزانہ رقم پر منافع بھی کمپنی کو نہیں دے رہی ۔ رکن کمیٹی خواجہ شیراز محمود نے کہا وزیر خزانہ کو رقم کی فوری ادائیگی کیلئے خط لکھا جائے ۔ انکی تجویز کی کمیٹی نے متفقہ حمایت کر دی کمیٹی کو بتایا گیا کہ پیسکو کے نقصانات پینتیس فیصد جبکہ حیسکو کے تینتالیس فیصد ہیں ۔ کمیٹی نے دونوں کمپنیوں کو نجکاری سے پہلے منافع بخش بنانے کی ہدایت کر دی۔






















