ترکیہ اور پاکستان کا مشترکہ تاریخی ڈرامہ ’’فاتح القدس، صلاح الدین ایوبی‘‘ کے ٹی وی پر نشر ہونے کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔
ترک ڈرامہ فاتح القدس صلاح الدین ایوبی کے پروڈیوسر ٹیم میں شامل پاکستانی اداکار عدنان صدیقی اور ترکیہ کے ٹی وی چینل ٹی آر ٹی نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر ڈرامے کا پہلا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سیریز رواں ماہ سے ناظرین کیلئے پیش کی جارہی ہے۔
ڈرامہ کے پوسٹر میں گنبد صخریٰ (مسجد اقصیٰ کے صحن میں واقع مسجد) کے علاوہ کاسٹ میں شامل ترک اداکار بھی موجود ہیں۔
عدنان صدیقی نے اپنی ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ ٹی وی سیریز صلاح الدین ایوبی 13 نومبر سے ہر پیر رات 9 بجے ترکیہ کے چینل ٹی آر ٹی پر نشر کی جائے گی۔
Sultan Eyubbi, the distinguished warrior who became the first sultan of Egypt and Syria. Starting November 13th, the Selahaddin Eyyubi series premieres on TRT every Monday at 9 PM.#TRTseries #comingsoon pic.twitter.com/7drXB9nfOL
— Adnan Siddiqui (@adnanactor) November 4, 2023
تاہم فی الحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اس سیریز کو کسی پاکستانی ٹی وی چینل پر بھی دکھایا جائے گا یا نہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈرامہ صلاح الدین ایوبی ترک زبان میں نشر ہوگا، تاہم اسے انگریزی اور عربی زبان میں بھی ترجمہ کرکے مختلف اسٹریمنگ ویب سائٹس پر ریلیز کئے جانے کا امکان ہے جبکہ اسے اردو زبان میں ڈبنگ کے بعد کسی پاکستانی چینل پر بھی ریلیز کیا جاسکتا ہے۔
ایوبی سلطنت کے بانی سلطان صلاح الدین ایوبی نے طویل جنگوں کے بعد صلیبیوں کو شکست دے کر 1187ء میں بیت المقدس آزاد کرایا تھا، جس پر تقریباً 9 دہائیوں تک عیسائیوں کا قبضہ رہا۔