خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 9 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی 3 کارروائیوں کے نتیجے میں بھارتی حمایت یافتہ 9 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران 4 خوارج مارے گئے جبکہ ٹانک میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج انجام کو پہنچے۔
ضلع خیبر کے علاقے باغ میں تیسری کارروائی کے دوران مزید 3 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا جبکہ مارے گئے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ان علاقوں میں متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ علاقوں میں مزید خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سینی ٹائزیشن آپریشنز جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیر داخلہ کا فورسز کو خراج تحسین
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابل تعریف ہیں اور فورسز نے بروقت کارروائی کرکے 9 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں انجام تک پہنچائے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارتی حمایت یافتہ خوارجیوں کو انجام تک پہنچانے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور پاکستان کی بہادر سیکیورٹی فورسز پر ہر پاکستانی کو ناز ہے۔



















