آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ بنوں اور خیبر میں رات گئے پولیس پر شرپسندوں کے حملے ناکام بنادیئے گئے، بنوں میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان زخمی ہوا، شرپسند عناصر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ آئی جی نے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کردیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بتایا کہ بنوں اور خیبر میں رات گئے پولیس پر شرپسندوں کے حملے ناکام بنادیئے گئے، پولیس کی فوری جوابی کارروائی سے دونوں حملے پسپا ہوئے، بنوں میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان زخمی ہوا۔
ان کا کہنا ہے کہ شرپسندوں نے رات گئے چوکی فتح خیل ضلع بنوں اور تکیہ پوسٹ باڑہ ضلع خیبر پر حملے کیے، پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور دلیری سے حملوں کو ناکام بنایا۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ شرپسند عناصر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، جوانوں نے چوکس رہ کر فرض شناسی کا اعلیٰ مظاہرہ کیا۔
انہوں نے دہشتگردی کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں کے حوصلے بلند ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے بنوں اور خیبر پولیس کی بہادری پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جوانوں کو نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔





















