چین نے امریکہ کے نئے میزائل ڈیفنس سسٹم ’گولڈن ڈوم‘ پر سخت تحفظات کا اظہار کیاکہ یہ منصوبہ نہ صرف خلاء کو عسکری بنانے کی طرف ایک سنگین قدم ہے بلکہ عالمی اسٹریٹیجک توازن اور استحکام کو بھی خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ منصوبہ جارحانہ نوعیت کا حامل ہے اوردنیا میں اسلحے کی دوڑ کو مزید تیز کرے گا۔امریکہ’امریکہ فرسٹ‘پالیسی کے تحت صرف اپنی مطلق سکیورٹی کے پیچھے بھاگ رہا ہے،جو عالمی سلامتی کے اصولوں کے منافی ہے۔
وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ کا کہنا تھا کہ امریکہ کا یہ اقدام بین الاقوامی طاقتوں کے درمیان اعتماد کی فضا کو مجروح کرتا ہے ماؤ ننگ نے مطالبہ کیا کہ امریکہ فوری طور پر اس منصوبے کو ترک کرے اور عالمی طاقتوں کے درمیان اعتماد سازی کے لیے عملی اقدامات کرے۔
واضح رہےکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 175 ارب ڈالر مالیت کے اس ڈیفنس پروگرام کا ڈیزائن منتخب کرنے اور ایک اسپیس فورس جنرل کو اس کا سربراہ مقرر کرنے کا اعلان کیا، اس منصوبے کا مقصد چین اور روس جیسے حریف ممالک سے ممکنہ میزائل حملوں کو روکنا ہے۔





















