پاکستان نے آج کے میچ میں نیوزی لینڈ کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 21 رنز سے شکست دیتے ہوئے کامیابی سمیٹ لی ہے لیکن سیمی فائنل میں رسائی ابھی بھی اگر مگر کا شکار ہے تاہم اس دوران پاکستانیوں کیلئے ایک خوشخبری یہ بھی ہے کہ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ میں تقریبا پورا دن ہی بارش کی قوی پیشگوئی ہے ۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے پوائنٹس 8 ، 8 ہیں اور دونوں ہی ٹیموں کا ایک ایک میچ باقی ہے لیکن نیوزی لینڈ رن ریٹ بہتر ہونے کی وجہ سے چوتھی اور پاکستان پانچویں پوزیشن پر ہیں ۔ اگر 9 نومبر کو سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ میں بارش نہیں ہوتی اور نیوزی لینڈ جیت جاتا ہے تو پاکستان کوسیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے انگلینڈ کو بھاری مارجن سے شکست دینا ہو گی تاکہ رن ریٹ بہتر بناتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی جا سکے ۔
یہاں پاکستانیوں کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ بھی 9 نومبر کو بنگلورو میں ہی شیڈول ہے جہاں آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کھیلا گیا ۔9 نومبر کو محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر میں بنگلورو میں بارش کے امکانات 56 فیصدتک ہیں جبکہ 7 بجے تک امکانات 67 فیصد تک ہیں یعنی مسلسل بارش کی پیشگوئی ہے، اگر بارش کے باعث میچ منسوخ ہو جاتاہے تو نیوزی لینڈ اور سری لنکا کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا جس کے بعد نیوزی لینڈ کے پوائنٹس 9 ہو جائیں گے ۔ اگر یہ معاملہ ہوتا ہے تو پھر پاکستان کو محض انگلینڈ کو ہرانا ہو گا اور قومی ٹیم سیدھی سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی ۔