الیکشن کمیشن کے ملازمین پر چیف الیکشن کمشنر کی نوازشات کا سلسلہ جاری ہے، ای سی پی ملازمین کو 5 ماہ میں 4 اعزازیوں سے نواز دیا گیا۔
الیکشن کمیشن ملازمین کو دیے گئے اعزازیئے کی دستاویزات سامنے آگئیں، دستاویز کے مطابق کروڑوں روپے کے اعزازیے 4 مختلف مراحل میں دیے گئے۔ ملازمین کو جنوری، فروری، مارچ اور مئی میں الیکشن کمیشن کے مختص بجٹ سے اعزازیے دیے گئے۔
دستاویز کے مطابق گریڈ 2سے 9 تک کے ملازمین کو 4 بنیادی تنخواہیں دی گئیں، گریڈ 11 سے 17 کے ملازمین کو 3 بنیادی تنخواہیں بطور اعزازیہ ملا، گریڈ 18 سے اوپر کے ملازمین کو 2بنیادی تنخواہیں دی گئیں۔
انضباطی انکوائریوں یا مقدمات کا سامنا کرنے والے ملازمین کو یہ اعزازیے نہیں دیے گئے۔ اسی طرح وہ ملازمین جو 30 جنوری سے پہلے چھٹیوں پر جا چکے تھے انہیں بھی اعزازیوں سے محروم رکھا گیا۔






















