پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے کیپٹو پاور بل کی موجودہ شکل میں منظوری پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس سے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔
پارلیمنٹ سے کیپٹو پاور بل کی منظوری سے قبل پیپلز پارٹی نے شدید تحفظات اٹھائے اور ذرائع کے مطابق اعتراضات دور کرنے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات ہوئے۔
ذرائع کے مطابق مشاورت میں پیپلز پارٹی کی جانب سے نوید قمر اور دیگر جبکہ حکومت کی طرف سے محمد اورنگزیب، اویس لغاری، اعظم نذیر تارڑ اور علی پرویز ملک شریک ہوئے۔
پیپلز پارٹی نے بل میں آف دی گرڈ صارفین پر اضافی ڈیوٹی عائد کرنے پر اعتراض اٹھایا اور موقف اختیار کیا کہ اس سے عوام پر مالی بوجھ بڑھے گا۔
حکومت نے پیپلز پارٹی کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور معاملہ وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے رکھنے پر اتفاق کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے رابطہ بھی متوقع ہے جبکہ مذاکرات کے بعد بل کی منظوری کا معاملہ مزید مشاورت سے مشروط کر دیا گیا ہے۔




















