دالبندین پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 پولیس اہلکار شہید، ایک ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ڈی ایس پی سمیت 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔
چاغی کے علاقے دالبندین ایئر پورٹ روڈ پر واقع گھر میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید، ایک ڈاکو ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، فائرنگ سے ڈی ایس پی عابد شیرزی بھی زخمی ہوگئے۔
پولیس کو خفیہ اطلاع ملی جس پر ڈی ایس پی عابد شیرزئی کی سربراہی میں 20 اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے ملزمان کیخلاف ایئرپورٹ روڈ پر واقع ایک مکان پہ چھاپہ مارا۔
چھاپے کے دوران ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار بالاچ موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ اہلکار سفیر احمد شدید زخمی ہوئے، انہیں کوئٹہ ریفر کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں شہید ہوگئے۔
پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی عابد شیرزی بھی زخمی ہوئے۔
پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا اور دیگر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق شہید ہونیوالے اہلکاروں کی نماز جنازہ آج دوپہر 2 بجے سرکاری اعزازات کے ساتھ پولیس لائن میں ادا کی جائے گی۔






















