برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر نے ہاوس آف کامنز میں آل پارٹیز پارلیمانی گروپ سے ملاقات کی جس دوران ڈاکٹر فیصل نے اراکین کو پاک بھارت موجودہ صورتحال پر بریف کیا ۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت کی بلاجواز فوجی کارروائیاں پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں، پاکستان پر بھارتی حملے بین الاقوامی قوانین و اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے بھی منافی ہیں جبکہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا یکطرفہ بھارتی فیصلہ بھی بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کر دیا کہ پانی کی بندش جنگ تصور ہوگی، بھارتی جارحانہ وشدت پسندانہ عزائم خطے میں امن و استحکام کیلئےسنگین خطرہ ہیں۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے مثبت کردار ادا کرنے پر برطانیہ و دیگر دوست ممالک سےاظہار تشکر کیا ۔
ان کا کہناتھا کہ پاکستان بین الاقوامی شراکت داروں کی ثالثی سے ہونے والے جنگ بندی پر کاربند ہے، پاک بھارت تنازع کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر یواین قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔






















