پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کر دیا۔
ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کرتے ہیں، بیان جارحیت کا جواز پیش کرنے کیلئے گمراہ کن داستانیں گھڑنے کی عکاسی کرتا ہے۔ بیان غلط معلومات، سیاسی موقع پرستی، عالمی قانون کی صریحاً بے توقیری ہے۔
شفقت علی خان نے کہا کہبھارتی اقدامات نے جارحیت کی ایک خطرناک مثال قائم کی، بھارت پورے خطے کو تباہی کے دہانے پر لے گیا، مایوسی میں جنگ بندی کے خواہاں ملک کے طور پر پاکستان کی تصویر کشی جھوٹ ہے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کا شکار ہے جس کی براہ راست سرپرستی بھارت کررہا ہے، دہشتگردی کی لعنت کی وجہ سے ہم نے بہت نقصان اُٹھایا، دہشتگردی کیخلاف عالمی جنگ میں ہماری خدمات اور قربانیاں سب جانتے ہیں۔
شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ پہلگام حملے کو ثبوت کے بغیر پاکستان سے جوڑا گیا، پاکستان نے کبھی امن کوکمزوری نہیں سمجھا، پاکستان پر حملے کا ہر بار بھرپور اورمؤثر جواب دیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقائی امن، استحکام کیلئے عالمی کوششیں کی جارہی ہیں، پاکستان مفاہمت، کشیدگی میں کمی، علاقائی استحکام کے ضروری اقدامات کیلئے پرعزم ہے۔ یہ جنگ بندی کئی دوست ممالک کی سہولت کاری کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ تنازع جموں وکشمیر کے پرامن حل کی حمایت کی، مسئلہ کشمیر کا حل یواین قراردادوں، کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔






















